پنجاب کی ترقی کا روڈ میپ تیار کرلیا، 2019ء وعدوں کی تکمیل کا سال ہے : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے 2019 عوام سے کئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ 2018 میں عوام نے تبدیلی کے نام پر جو مینڈیٹ دیا اس کی لاج رکھیں گے۔ عوام کے مسائل اور تکالیف کے ازالے کیلئے نئے سال میں مثبت حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ 2018 میں جس شفافیت کے ساتھ سفر شروع کیا، اسے مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا، اسے عبادت سمجھ کر نبھائیں گے اورعوام کی توقعات اور امیدوں پر پورا اتر کر نئے سال میں نئے پاکستان کو حقیقت میں بدلیں گے۔ وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ماضی میں عوام کی بنیادی ضروریات کو نظرانداز کیا گیا اور نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ ماضی میں قومی اداروں کو کنگال کیا گیا اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ ماضی میں زبانی جمع خرچ سے کام چلایا گیا اور کرپشن کے ناسور نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا، ہماری حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی۔ تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا، ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیںگے۔