• news

انٹرنیشنل کبڈی سیریز کے لئے 20 رکنی ایرانی ٹیم لاہور پہنچ گئی

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کبڈی سیریز کے لئے بیس رکنی ایرانی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔ تین ملکی انٹرنیشنل کبڈی سیریز آٹھ سے چودہ جنوری تک کھیلی جائیگی۔ بھارتی کبڈی ٹیم تین یا چار جنوری کو واہگہ کے راستے لاہور پہنچے گی۔ انٹرنیشنل کبڈی سیریز کے میچز لاہور ساہیوال بہاولپور اور سرگودھا میں کھیلے جائیں گے۔لاہور پہنچنے کے موقع پر ایران کی کبڈی ٹیم کے کپتان حامد زیرکی کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر بہت اچھا لگا۔ ایونٹ میں اچھا مقابلہ ہو گا۔ایران کی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔پاکستان کیساتھ مقابلہ ہمیشہ اچھا رہا ہے۔پاکستان کے کھلاڑی بڑی ذہانت سے کھیلتے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن محمد سرور کا کہنا تھا کہ سیریز کیلئے ٹیموں کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ قلیل وقت میں سیریز کا اہتمام کیا گیا ہے۔انٹرنیشنل سیریز سے مزید سرگرمیاں بحال ہوں گی۔اس ایونٹ سے نئے سال کا آغاز اچھے انداز سے ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن