پاکستان ہاکی فیڈریشن‘ اولمپئن ایاز محمود ایسوسی ایٹ سیکرٹری تعینات
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپئن ایاز محمود کو ایسوسی ایٹ سیکرٹری تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ایاز محمود آج اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے لیے پاکستان ہاکی فیڈڑیشن پہنچیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں نئے سیکرٹری کی خالی اسامی پر صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے عارضی طور پر اولمپئن ایاز محمود کو ایسوسی ایٹ سیکرٹری مقرر کیا ہے۔ ایاز محمود پی ایچ ایف کے نئے مستقل سیکرٹری کی تعیناتی تک اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی اور وفاقی حکومت کی عدم توجہی کو جواز بناکر شہباز احمد سینئر نے عہدے سے استعفٰی دیدیا تھا۔ جس کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کا 31 دسمبر 2018ء کو بلایا گیا کانگرس کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا۔