• news

نئے پاکستان میں چوروں، لٹیروں کیلئے کوئی جگہ نہیں: فیاض چوہان

لاہور (کلچرل رپورٹر، نیوز رپورٹر، مبشر حسن، دی نیشن رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب فنکاروں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اس لئے صوبے میں فنکار برادری کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 4لاکھ مالیت کا آرٹسٹ ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کروایا جا رہا ہے۔ جس سے ہر سال فنکاروں سمیت فنون لطیفہ سے وابستہ مختلف شعبہ جات کے افراد مستفید ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے الحمراءمیں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت معاشی تنگدستی کا شکار فنکاروں میں چیکس کی تقسیم کے دوران کیا۔ اس مد میں ابتدائی طور پر 27 فنکاروں، کیمرہ مینوں ا ور تکنیک کاروں میں مختلف مالیت کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ دریں اثنا میڈیا سے گفتگو میں فیاض چوہان نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن کی ٹرین مفاہمت کی پٹڑی پر دوڑتے دوڑتے آخرکار احتساب کے دریا میں غرق ہوگئی ہے۔ عمران خان کے نئے پاکستان میں لٹیروں اور چوروں کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا وہ انتہائی کفایت شعاری پر یقین رکھتے ہیں اور اپنی 52 ہزار تنخواہ میں سارے خرچے پورے کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم عمران خان بھی کفایت شعاری سے خرچ کررہے ہیں۔
فیاض چوہان

ای پیپر-دی نیشن