ایل او سی : پاک فوج نے بھارت کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرایا
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ، ایجنسیاں) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرایا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی جاسوس ڈرون ستوال سیکٹر میں پرواز کررہا تھا کہ اسے مار گرایا گیا ایک روز قبل پاک فوج نے باغ سیکٹر میں ایک بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ دو دنوں میں بھارت کے دو جاسوس ڈرون گرا دئیے گئے ۔ علاوہ ازیں پاکستان نے کہا ہے کہ اسلام آباد نئی دہلی کے ساتھ تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتا ہے لیکن پاکستان کی "امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔"دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے یہ بات بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے اس بیان کے ردِ عمل میں کہی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان ایک جنگ سے نہیں سدھرے گا۔ بدھ کو امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے افسوس کی بات ہے کہ بھارت کی اندرونی سیاست میں پاکستان کو موضوعِ بحث بنایا جاتا ہے۔"یہ ایک مسئلہ ہے کیوں کہ وہاں (بھارت میں)انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس لیے اس قسم کے بیانات وہاں سے آ رہے ہیں۔"ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت کبھی بھی پاکستان میں سیاسی مسئلہ نہیں رہا ہے۔ان کے بقول حال ہی میں پاکستان میں انتخابات ہوئے لیکن ان میں بھارت موضوعِ بحث نہیں تھا۔ علاوہ ازیں سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ افغان مسئلے کا حل بات چیت سے ہی ممکن ہے پاکستان ہمیشہ سے افغان امن عمل کے لیے مذاکرات کا حامی رہا ہے ۔
بھارتی ڈرون