ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے گیس ،بجلی کی قیمت مقرر کرنا خوش آئند ہے:علی احسان
لاہور( کامرس رپورٹر) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما )کے چیئرمین سید علی احسان نے موجودہ حکومت کی جانب سے برآمدی انڈسٹری کے لئے گیس کے فی ایم ایم بی ٹی یو کی قیمت 6.5ڈالر اور بجلی کے فی یونٹ کی قیمت 7.50روپے مقرر کرنے پر وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اقتصادی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ا س اقدام سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی اور گروتھ میں مدد ملے گی اور اب انڈسٹری ٹیکسٹائل2023-24تک ٹیکسٹائل اور کلوتھنگ برآمدات28ارب ڈالر تک پہنچانے ، 60لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سالانہ 1.4ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ طویل مدت کے لئے برآمدات کی بنیاد پر گروتھ پالیسی تشکیل دی جائے اور اس کو حقیقی معنوں میں نافذ کیا جائے کیونکہ گزشتہ پالیسیاں پر مکمل طور عملدرآمد نہیں صرف 15فیصد عملدرآمد ہو سکا۔ انہوںنے کہا کہ خام مال کی انڈسٹری کے استعمال کے لئے خام مال کی درآمد پر رکاوٹوں کو فوری طو رپر دور کیا جائے۔