• news

قومی فاسٹ بائولر محمد عباس وزڈن ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عباس وزڈن ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں محمد عباس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کیں بلکہ سیریز میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کیں۔تاہم اس سب سے بڑھ کر محمد عباس نے اپنی شاندار باؤلنگ اوسط کی بدولت دنیا بھر کے بڑے بڑے باؤلر کو پیچھے چھوڑ دیا تھا اور وہ موجودہ صدی کے ساتھ ساتھ 20 ویں صدی میں بھی کم از کم 50 وکٹیں لینے والے باؤلرز میں بہترین اوسط کے حامل گیند باز بن گئے تھے۔انہیں اس شاندار کارکردگی پر وزڈن نے سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم میں شامل کر لیا ہے جس کی قیادت بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے سپرد کی گئی ہے۔سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کے لیے اوپننگ کی ذمے داری جنوبی افریقہ کے ایڈن مرکرم اور سری لنکا کے دمتھ کرونارتنے کو دی گئی ہے۔ٹیم میں چوتھے نمبر کے لیے حیران کن طور پر سابق آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ کو منتخب کیا گیا ہے جو بال ٹیمپرنگ کے الزام میں ایک سال کی پابندی کا سامنا کر رہے ہیں۔اسٹیو اسمتھ کی ٹیم میں شمولیت اس لحاظ سے حیران کن ہے کہ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ کے خلاف مارچ میں کھیلا تھا لیکن 9ماہ تک نہ کھیلنے کے باوجود انہیں ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن شاندار بیٹنگ اور بہترین انداز میں قیادت کے باوجود اس ٹیم کا حصہ نہ بن سکے لیکن ان کی جگہ انگلش کپتان جو روٹ کو ترجیح دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن