شدید دھند کے باعث گدو تھرمل پاور ہا¶س میں3 یونٹ ٹرپ کر گئے
لاہور + کشمور+ اسلام آباد+ سرگودھا + قصور (نیوز رپورٹر + نمائندہ خصوصی + صباح نیوز+ آن لائن+ آئی این پی+ نامہ نگاران) شدید دھند کے باعث گدو تھرمل پاور ہا¶س میں3 یونٹ ٹرپ کر گئے جس کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، وزیر توانائی عمر ایوب نے نوٹس لے لیا۔ گدو تھرمل حکام کے مطابق دھند سے تھرمل پاور ہاﺅس کے747 میگاواٹ کے تین یونٹ ٹرپ کر گئے، گدو تھرمل حکام نے کہا کہ دھند کم ہونے کے بعد یونٹ کو بحال کردیا جائےگا۔ جس کے بعد متاثرہ اضلاع کو معمول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی،گزشتہ روز بھی دھند کے باعث 4 پاور پلانٹس گدو، بلوکی، نشاط اور نشاط چونیاں پاور پلانٹس ٹرپ کر گئے تھے جس سے مجموعی طور پر 2500 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا رہا جس سے لاہور میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانا پڑا۔ بجلی کے بریک ڈاون پر گزشتہ روز بھی قابو پایا نہ جا سکا۔ بریک ڈاون نے پنجاب کو زیادہ متاثر کیا جس سے لاہور اور دیگر شہروں میں 30منٹ کے لئے بجلی آتی رہی دو سے تین گھنٹے مسلسل بند ہوتی رہی ،لیسکو کا سسٹم بھی بری طرح متاثر ہوا،600 سے زائد فیڈرز بند رہے متاثرہ علاقوں کو لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے بجلی فراہم کی جاتی رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ مزید دو روز جاری رہے گا اس کے بعد بجلی کا نظام مکمل طور پر بحال ہوگا۔ اس پرنیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شدید دھند سے بُری طرح متاثرہ پاور سسٹم کی بتدریج بحالی جاری ہے۔ دھند کے باعث حادثات میں 3 افراد جاں بحق خواتین بچوں سمیت متعدد زخمی وہاڑی میں بس ٹرالر سے ٹکرانے پر بس کنڈیکٹر فیصل جاں بحق، نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بس اور وین کے تصادم میں 1 شخص جاں بحق 5 خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر دنیاپور میں ملتان روڈ پر عباس پور کے قریب ٹرالر اور مسافر وین سمیت چھ گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔ 8 مسافر زخمی ہو گئے۔ تحصیل شاہ کوٹ میں لاری اڈا پر ٹرک نے مسافر وین کو ٹکر مار دی جس میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون رشکئی سے پشاور تک، لاہور سے کوٹ مومن تک اور ملتان خانیوال موٹر وے بھی بند کر دی گئی۔ پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ موٹر وے بھی شدید دھند کے باعث بند رہیں، گوجرانوالہ، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، اوکاڑہ سمیت پنجاب کے کئی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس اور نامہ نگاران کے مطابق مانگا منڈی، فیروزوالا، قصور، شیخوپورہ، بھلوال، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال اور چیچہ وطنی سمیت دیگر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ دھند کے باعث حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی۔ ادھر توانائی کے وزیر عمر ایوب نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا نوٹس لیا۔ اسلام آباد میں نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے دورے میں انہوں نے بجلی کی بندش سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی۔ وزارت توانائی کے ذرائع نے بتایا بجلی کا شارٹ فال 5850 میگاواٹ تک پہنچ گیا، ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 8150 میگاواٹ اور طلب 14 ہزار میگاواٹ ہے۔ قصور میں بجلی بندش کا دورانیہ 15 گھنٹوں سے تجاوز کرگیا۔ کمالیہ میں بجلی اور گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ، شہری بلبلا اٹھے۔ سرگودھا میں بھی ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ کیلئے بجلی بند کی جاتی رہی۔ اوکاڑہ میں دھند سے حادثات میں دس افراد زخمی ہو گئے۔ ساہیوال میں دھند کے دوران دنیا پور کا بیوپاری عزیز احمد حادثہ میں جاں بحق، ٹرک الٹ جانے سے دو گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی۔ بھلوال میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار افراد شدید شدید متاثر، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن بنایا جائے۔شرقپورشریف سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور شریف بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے حکومت لیسکو کے خلاف نعرے بازی کی۔ نارنگ منڈی میں بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ بجلی کی مجموعی پیداوار آٹھ ہزار150 میگاواٹ اورطلب 14 ہزارمیگاواٹ ہے گدو، بلوکی، حویلی شاہ بہادرسمیت 13 پاور پلانٹس اس وقت بند پڑے ہیں اور تربیلا، منگلا میں بجلی پیدا کرنے والے 22 یونٹس بند ہیں۔ذرائع کے مطابق بجلی کا سسٹم ایک بار پھر متاثر ہونے سے آٹھ ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔ آٹھ ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی جب کہ پن بجلی ذرائع سے صرف 600 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس دو ہزار550 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اور نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار پانچ ہزار میگا واٹ ہے۔بجلی کے کمزور تقسیم نظام کے باعث کم وولٹیج کا مسئلہ بھی پیدا ہو گیا جس سے گھروں میں الیکڑک آلات جلنے لگے ہیں۔گدو پاور پلانٹ میں خرابی سے 745 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی جس سے لاہور میں ایک بار پھر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا جب کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کا تین سے پانچ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول بھی ہے۔ لیسکو کی ڈیمانڈ 23 سو میگاواٹ بجلی ہے اور سسٹم بہتر ہونے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ترجمان کے مطابق ٹرانسمیشن لائنز پر ٹرپنگ کی وجہ سے آئیسکو ریجن میں بجلی کی طلب رسد میں فرق آگیا جس سے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے تاہم اس پر جلد قابو پالیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق آئیسکو کے پانچوں سرکلز میں مختلف دورانئے کی لو ڈ منیجمنٹ کی جارہی ہے۔دوسری طرف ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ شدید دھند سے این ٹی ڈی سی کے نظام میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے، وفاقی وزیر نے این ٹی ڈی سی کو صبح ٹرپ ہونے والی لائنوں کو جلد از جلد بحال کرنے کا بھی حکم دیا ۔ وفاقی وزیر نے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر میں این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوںکی بحالی کے کام کا خود جائزہ لیا مختلف احکامات جاری کرتے رہے ۔ وفاقی سیکریٹری پاورڈویژن عرفان علی بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔