بغیر لائسنس گیس سلنڈر فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈا¶ن کا فیصلہ
لاہور (نیوز رپورٹر) ایل پی جی / ایل این جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور گیس سلنڈروں کی کھلے عام فروخت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مشیر وزیرِ اعلیٰ برائے سیاسی امور محمد اکرم چوہدری نے کی۔ اجلاس میں چیئر پرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان، ڈاکٹر عبداللہ ملک ممبر آئل، سردار اسلم ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئل، عمران اختر جوائنٹ ڈائریکٹر ایل پی جی اینڈ ایل این جی، سینیئر اکانومسٹ خرم نعیم سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بغیر لائسنس گیس سلنڈروں کی فروخت پر کریک ڈا¶ن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور محمد اکرم چوہدری نے اجلاس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ کھلے عام بغیر لائسنس گیس سلنڈر کی فروخت بم بیچنے کے مترادف ہے جو کسی بھی لمحے کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سلنڈروں کی سر عام فروخت پر سخت ایکشن لے اور اس معاملے میں کسی سے نرمی نہ برتی جائے۔ مہنگے داموں اور بغیر لائسنس کھلے سلنڈر فروخت کرنے پر گرفتاری و جرمانہ دونوں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر اس بھیانک کاروبار کو روکنا ممکن نہیں، لہٰذا عوام اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے کھلے عام سلنڈر فروخت کرنے والوں کے خلاف وزیر اعظم کے آن لائن پورٹل پر شکایت درج کروائیں، جس پر اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
فیصلہ