مہمند ڈیم ٹھیکے کی تحقیقات کرائی جائے : پیپلز پارٹی کی نیب کو درخواست
لاہور (نوائے وقت نیوز + اے این این) پیپلزپارٹی نے مہمند ڈیم ٹھیکے کے خلاف درخواست دائر کر دی جس میں نیب سے ریفرنس دائر کرنے اور معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمن نے نیب میں درخواست جمع کروائی ہے جس میں مہمند ڈیم ٹھیکے کے خلاف نیب آرڈیننس کے مطابق کارروائی کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹھیکے کے خلاف شفاف تحقیقات کی جائیں اور ریفرنس بھی دائر کیا جائے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطابق مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے دیئے جانے والے ٹینڈر پر قواعدوضوابط کا خیال نہیں رکھا گیا اور ڈیسکون کو واحد بولی لگانے کی حیثیت سے ٹھیکہ دیا گیا جو غلط ہے۔ علاوہ ازیں اپوزیشن جماعتوں نے پنجاب اسمبلی میں مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ رزاق داﺅد کی کمپنی کو دینے کے خلاف قرار داد پیش کر دی۔ ٹھیکے کے خلاف قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔قرار داد کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مہمند ڈیم کا ٹھیکہ رزاق داﺅد کی کمپنی کو دے کرمیرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، حکومتی مشیر کو ڈیم کی تعمیر کے لئے 309 ارب کا ٹھیکہ ملنا تشویشناک ہے۔قرار داد میں حنا پرویز بٹ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص کمپنی کو ٹھیکے سے نوازنے کے لئے دوسری کمپنیوں کی پیشکش کو مسترد کیا۔ دوسری کمپنیوں کی ڈس کوالیفکیشن کے بعد دوبارہ بولی ضروری نہیں تھی؟ صرف ایک بولی کے بعد ہی مخصوص کمپنی کو ٹھیکہ دینا کھلی خلاف ورزی ہے۔خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے مہمنڈ ڈیم کی تعمیر کے لیے دو کمپنیوں کو ٹھیکا دینے کے کنٹریکٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، اپوزیشن کا دعوی ہے کہ کنٹریکٹ شفاف طریقے سے نہیں دیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی / نیب