• news

بعض منصوبوں میں تاخیر پر برہمی‘ باتیں کم‘ کام زیادہ کیا جائے : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ساڑھے 4گھنٹے طویل اجلاس میں صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبوں اور پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ سیکرٹریز نے پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزےراعلیٰ کی ہداےت کی کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے روڈ میپ پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری پروگرامز میں ایک لمحے کی بھی تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے عوامی فلاح و بہبود کے بعض منصوبوں میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔ انہوں نے کہاکہ باتیں کم اور کام زیادہ کیا جائے۔ نئے پاکستان میں صرف کام کرنے والوں کی عزت و احترام ہوگا۔ مجھے کام چاہئے، عوام کی فلاح و بہبود کے پروگراموں میں تاخیر کرنے والوںسے بازپرس ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ سارا کام میں نے کرنا ہے تو آپ کیا کر رہے ہیں۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی راہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دوں گا۔ کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا حق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دور دراز کے سکولوں کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں۔ پسماندہ علاقوں میں جدید ٹرانسپورٹ وہاں کے عوام کا حق ہے اور اس حق کو ہم نے عوام کو لوٹانا ہے۔ تعلیم، صحت کے منصوبوں کو مقررکردہ وقت میں مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ آپ کو عام آدمی کے مسائل کا احساس ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی پہاڑی علاقوں کے سرکاری ملازمین کیلئے ہل الاﺅنس دوگنا کرنے کا فیصلہ کےا گےا اور ہل الاﺅنس 500 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزےراعلیٰ نے ترقےاتی سکےموں اور فلاح عامہ کے پروگراموں پر کام کی رفتار تےزکرنے کی ہداےت کی اور کہا کہ بڑے شہروں مےں صفائی کے انتظامات کو بہتر بناےا جائے۔ وزےراعلیٰ نے ڈےرہ غازی خان شہرمےں کوڑا کرکٹ اور صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کےا۔ تحرےک انصاف کی حکومت فلاح عامہ کے لئے زبانی جمع خرچ نہےں بلکہ عملی اقدامات کررہی ہے۔ کسی کو اس پروگرام مےں تاخےر ےا رکاوٹ نہےں ڈالنے دوںگا۔ کام کرنے والے افسر ہی عہدوں پر رہےںگے۔ تحرےک انصاف کی حکومت ڈلےوری پر ےقےن رکھتی ہے۔ عثمان بزدار سے سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں مختلف شہرو ں سے آئے سینکڑوں لوگوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ خود فرداً فرداً لوگوں کی نشستوں پر گئے۔ لوگوںنے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور درخواستیں دیں۔ وزیراعلیٰ نے درخواستیں وصول کیں اور مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات دئےے۔ وزیراعلیٰ نے علیل بچوںکے علا ج معالجہ کے لئے ہدایات جاری کیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ سے تشکر کا اظہار کیا۔ بزرگ خاتون نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے سر پر ہاتھ رکھ کر دعائیں دیں۔ ایک شہری نے وزیراعلیٰ کو گلے لگا یا اور شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے صحافی مجیب الرحمن شامی کے بہنوئی شیخ محمد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار

ای پیپر-دی نیشن