سندھ حکومت ختم نہیں کر رہے، تبدیلی باتیں پی پی کی ذہنی اختراع ہے: امین اسلم
اسلام آباد (انٹرویو: محمد رضوان ملک) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو ختم نہیں کررہے ،سندھ میں تبدیلی کی باتیں پیپلزپارٹی کی ذہنی اختراع ہے۔ اپوزیشن کا سارا شور شرابا اپنی کرپشن بچانے کےلئے ہے۔ اپوزیشن کے اتحاد سے کوئی خطرہ نہیں جب تھانیدار اچھا آجائے تو چور اکٹھے ہو جاتے ہیں اور یہی حال اپوزیشن کا ہے۔ اس بار ان کو اپنا انجام سامنے نظر آرہا ہے۔ ہمارا ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کے لئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ قومی دولت لوٹنے والوں سے کسی سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ لٹیروں کو جیل اس لئے بھیجا کہ ان سے لوٹی دولت وصول کر سکیں۔ عوام نے احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے اور یہ بلاامتیاز جاری رہے گا۔ ملک سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے۔نواجوان نسل کےلئے گرین گلین اور خوشحال پاکستان چھوڑ کر جائیں گے۔ بدقسمتی سے 20 سالوں سے کسی نے ماحولیاتی آلودگی پر توجہ نہیں دی۔ بارشی اور سیلابی پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے چھوٹے بڑے ڈیم بنائیں گے ۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرا رہے ہیں۔ آج کے دور میں خارجہ کے بعد ماحولیاتی تبدیلی سب سے اہم وزارت ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے ”نوائے وقت“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے اور یہ بلاامتیاز جاری رہے گا۔ لوٹی دولت کی واپسی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے نیب اور ایف آئی اے کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ وزیراعظم کو کسی کی پروا نہیں ان کے نزدیک وی آئی پی صرف غریب عوام ہیںجو 70 سالوں سے ان کرپٹ لوگوں کے کرتوتوں کی سزا بھگت رہے ہیں لیکن اب یہ سلسلہ مزید نہیں چلنے دیں گے۔ یہ سب چاہتے ہیں کہ کسی طرح اپنی لوٹی دولت بچاسکیں لیکن اس بار ان کو کامیابی نہیں ملے گی۔ کچھ بھی کر لیں پیسے واپس کرنا ہی پڑیں گے۔ اس سوال کے جواب میں کہ ملک کی معاشی حالت کیوں خراب ہو گئی ہے۔ انہوںنے کہا ہمیں ناکام کرنے کے لئے یہ مسائل چھوڑ کر گئے تھے لیکن اب صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بڑا مثبت رسپانس ملا ہے۔ ترکی سے بھی اچھی خبریں آرہی ہیں۔
ملک امین اسلم