ایشین فٹبال کی ایگزیکٹو کمیٹی کا پاکستانی فیڈریشن کے انتخابات کو ماننے سے انکار
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+نوائے وقت رپورٹ) ابوظہبی میں ایشین فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیفا اور اے ایف پی کی منظورشدہ پی ایف ایف کے صدر فیصل صالح حیات نے شرکت کی۔ اے ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں 45 ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصل صالح حیات کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا صدر قرار دیا گیا جبکہ 12 دسمبر کو ہونیوالے انتخابات کو فیفا قوانین سے متصادم قرار دیا گیا۔ اجلاس میں پی ایف ایف کی نئی باڈی کو ماننے سے انکار کر دیا گیا اور فیصل صالح حیات کو فیفا کے فیصلے کے مطابق مارچ 2020ء تک صدر تسلیم کیا گیا۔ اجلاس میں ممبر ایسوسی ایشن کے ایجنڈے پر پاکستان کے انتخابات سے متعلق بات ہوئی اور پی ایف ایف کے انتخابات کو تھرڈ پارٹی مداخلت قرار دیا گیا۔ رکن ممالک میں غیرآئینی اور قانون سے متصادم عمل نہ ہونے دینے پر اتفاق کیا گیا۔