• news

العزیزیہ ریفرنس : اسلام آباد ہائیکورٹ نوازشریف کی سزا معطلی کیلئے درخواست پر کل سماعت کریگی

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) اسلام آبادہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنسزمیں نوازشریف کی سزامعطلی درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی ۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے درخواست پرسماعت کے لئے دورکنی بینچ تشکیل دے د یدیا جس میں چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس عامرفاروق ڈویثرن بنچ میں شامل ہیں ۔ بینچ (کل) پیرکوہائی کورٹ میں درخواست ضمانت پرسماعت کرے گا۔قبل ازیں العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے دوبارہ دائر کردی گئی۔سابق وزیراعظم کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف یکم جنوری کو اپیل دائر کی گئی تھی جس میں سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی اپیل کی گئی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے درخواست کو نامکمل قرار دے کر واپس کردیا تھا۔نواز شریف کے وکلا نے 3 جنوری کو درخواست کو مکمل کرکے ایک بار پھر دائر کیا تاہم رجسٹرار نے گذشتہ روز دوسری بار سابق وزیراعظم کی اپیل پر اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا تھا۔نواز شریف کے وکیل منور اقبال دگل نے ہفتہ کے روز درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے اسے دوبارہ دائر کیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیل پر فیصلے تک احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کی جائے اور نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
نوازشریف/ سماعت

ای پیپر-دی نیشن