• news

پیرا گون سکینڈل، خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

لاہور( اپنے نامہ نگار سے)احتساب عدالت نے پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار خواجہ سعد رفیق،سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی ہے۔ ملزموں کو دوبارہ 19 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا۔ عدالت میں لیگی کارکنوں کی بدنظمی پرجج کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا جس پر خواجہ سعد رفیق نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے اپنے کارکنوں کو نعرے بازی سے منع کیا ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پیراگون کا ریکارڈ حاصل کیا ہے جس سے 2ارب سے زائد کی رقوم منتقل ہوئیں، غفران اور کبیر نامی 2افراد کو اربوں روپے منتقل ہوئے اور غفران خواجہ سلمان رفیق کے بیٹے جبکہ کبیر ندیم ضیا کا بیٹا ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سعد رفیق کے بینک اکاﺅنٹ سے متعلق سوال وجواب ہوئے، جن گھروں کی تفصیلات دیں گئیں ان سے متعلق تفتیش کی ہے۔ خواجہ برادران کی جانب سے کہا گیا کہ 20کنال پر مشتمل پلاٹس پیراگون سے ملے اور خواجہ برادان کے پلاٹس کے درمیان سے نالہ گزرنا تھا۔ عدالت میں پیراگون سٹی کا نقشہ بھی پیش کیا گیا۔ غفران خواجہ سلمان رفیق کا بیٹا ہے اس سے بھی تفتیش درکار ہے جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ غفران کا بینک اکاﺅنٹ ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ غفران اس وقت کم عمر تھا جب پیسے منتقل ہوئے۔جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ جب اس کا اکائنٹ ہی نہیں تو پیسے کیسے منتقل ہوئے۔نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ پیراگون سے جو ریکارڈ حاصل ہوا اس سے یہ معلومات ملیں، پیراگون سٹی کے اکاﺅنٹس سے مشکوک ٹرانزیکشن کی گئیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کسی نے کہا کہ مشکوک ٹرانزیکشن ہو رہی ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے 3 مرتبہ بتایا گیا کہ مشکوک ٹرانزیکشن ہورہی ہیں جبکہ ایم ایس ایگزٹیو بلڈرز سے متعلق بھی تفتیش جاری ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ یہ بتائیں کہ کتنے لوگوں کو نوٹس کر چکے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اب تک 30 سے زائد افراد کو نوٹسز کیے ہیں جن سے تفتیش کرنی ہے۔خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آج جتنی باتیں کی گئی ہیں سب پرانی ہیں، شام لاٹ کی زمین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان نالائقوں کے حوالے کردیا گیاہے اور ان کو حکمران بنانے والے خود پچھتا رہے ہیں۔ ملک میں انصاف اور احتساب کے نام پر انتقام ہورہا ہے جو زیادہ دیر نہیں چلے گا،یہ وقت بہت جلد بدلے گا۔علاوہ ازیں خواجہ سلمان رفیق اور ندیم ضیا کے صاحبزادے پیراگون سٹی کے ڈائریکٹرز ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق کے بیٹے کا نام غفران جبکہ ندیم ضیا کے بیٹے کا نام کبیر ہے جن کے نام پر 2ارب 96کروڑ کی رقم جاری ہوئی۔تفتیشی رپورٹ کے مطابق خواجہ سعد رفیق کے اکاﺅنٹس میں 8سال کے دوران 46کروڑ 60لاکھ منتقل ہوئے، 500سے زائد ٹرانزیکشن 2010ءسے 2018ئ کے درمیان ہوئیں۔سعد رفیق کے ڈی ایچ اے بنک اکاﺅنٹس میں 13 کروڑ 30 لاکھ منتقل ہوئے، تمام رقم 2010ءسے 2015ءکے درمیان منتقل ہوئی، سعد رفیق کے دوسرے اکاﺅنٹ میں 7کروڑ 50لاکھ منتقل ہوئے۔ اس کے ساتھ سعد رفیق کے مزید 3اکاﺅ نٹس میں 6کروڑ 70 لاکھ روپے منتقل ہوئے۔تفتیشی رپورٹ کے مطابق خواجہ سعد رفیق کی ملکیتی سعدان ایسوسی ایٹ کے بنک اکاﺅنٹس میں 15کروڑ منتقل ہوئے، سعدان ایسوسی ایٹ کے 2بنک اکاﺅنٹس میں 2012ءسے 2018ءتک یہ رقم منتقل ہوئے۔ خواجہ سعد رفیق کے 5بنک اکاﺅنٹس میں ایزیگٹیو بلڈر کی جانب سے 23کروڑ 28 لاکھ کی رقم منتقل ہوئی۔
سعد رفیق/ریمانڈ

ای پیپر-دی نیشن