فضل الرحمن اپوزیشن گرینڈ الائنس کیلئے کوشاں، 27 جنوری کو ملین مارچ کی کال دیدی
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ کم از کم نکات پر اپوزیشن کا گرینڈ الائنس قائم کرنے کےلئے آئندہ چند دنوں میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کرینگے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے فوری طور پر ان کی ملاقات کا امکان نہیں تاہم قومی اسمبلی کے 11 جنوری 2019ءکو شروع ہونے والے سیشن کے موقع پر مولانا فضل الرحمنٰ اور میاں شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف سزا سنائے جانے سے قبل آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے سے گریزاں تھے وہ اس وقت ان سے ملاقات نہیں کریں گے جب تک عدلیہ سے ان کو ضمانت پر رہائی حاصل نہیں ہو جاتی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی سے معاندانہ طرزمعل اختیار نہیں کرنا چاہتی چونکہ اس وقت آصف علی زرداری ”گرم پانیوں“ میں ہیں جبکہ میاں نواز شریف پہلے ہی جیل کے مصائب برداشت کر رہے ہیں لہذا مسلم لیگ (ن)‘ پیپلز پارٹی کی تیار کردہ وکٹ پر کھیلنا نہیں چاہتی۔ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں پر مشتمل پارلیمنٹ کے اندر ”گرینڈ الائنس“ بنانے پر تو آمادہ نظر آتی ہے لیکن 4 ماہ بعد ہی تحریک انصاف کی وفاقی اور پنجاب حکومت گرانے کے لئے تحریک عدم اعتماد پر کام کرنے کیلئے تیار نہیں البتہ وہ تحریک انصاف کو غلطیاں کرنے کا موقع دینا چاہتی ہے وہ تحریک انصاف کی حکومت کی ناکامی کا انتظار کرنا چاہتی ہے۔
اہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملک کی موجودہ صورتحال پر غور کے لئے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس 11 جنوری کو پشاور میں طلب کرلیا ہے۔ مولانا محمد امجد خان اور حافظ حسین احمد نے بتایا کہ اجلاس میں چاروں صوبوں کے امرا اور نظماءبھی شریک ہوں گے۔ مولانا عبد الغفور حیدری کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق ملک کی سیاسی صورتحال پر غور کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی طے کی جائے گی اجلاس میں کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف 3 فروری کو اے پی سی کے حوالے سے تفصیلات طے کی جائیں گی جبکہ مولانا فضل الرحمن اراکین عاملہ کو بین الاقوامی صورت حال پر بریفنگ دیں گے۔ جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فل الرحمن نے27 جنوری کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ملین مارچ کی کال دی ہے۔ جمعیت علماءاسلام (ف) بنوں کے امیر قاری محمد عبداللہ نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام کا ملین مارچ ملک کی سیاست کا نقشہ تبدیل کردے گا۔
مولانا فضل الرحمن، اجلاس