اماراتی ولی عہد 3 دن سے پاکستان میں تھے: فواد چودھری، سر کاری دورہ ایک روزہ تھا قیاس آرائیاں نہ کی جائیں: افتخار درانی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ امارات کے ولی عہد تین روز سے پاکستان میں ہی تھے۔ ان کے صرف 3 گھنٹے کیلئے پاکستان آمد کی اطلاع غلط ہے۔ فواد حسین نے کہاکہ میڈیا کی آزادی کو اصل خطرہ عطائی صحافیوں سے ہے،ابوظہبی نے ادائیگیوں کے توازن کیلئے جو ساتھ دیا اور اب عرب د نیا میں پاکستان جہاں کھڑا ہے خبر سے پہلے کچھ تحقیق ہی کر لینی چاہئے، روزانہ ایک جعلی خبر کی اختراع ہوتی ہے ۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں یو اے ای کے ولی عہد کے صرف چند گھنٹے کے لئے پاکستان آنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسا ایسا بزرج مہر بیٹھا ہے جس نے زندگی میں فارن آفس نہیں دیکھا وہ بھی خارجہ پالیسی کا ماہررپورٹر ہے،کہ ابوظہبی سے دو گھنٹے کیلئے ولی عہدآئے اور چلے بھی گئے او بھائی ولی عہد تین دن سے پاکستان ہیں آج واپسی اسلام آباد سے ہوئی، تمام تفاصیل پہلے سے طے ہوتی ہیں آج کا دورہ تسلسل میں ہے۔انہوں نے کہاکہ ابوظہبی نے افغانستان میں مذاکرات کیلئے جو کردار ادا کیا، بیلنس آف پیمنٹ کیلئے جو ساتھ دیا اور اب عرب د نیا میں پاکستان جہاں کھڑا ہے خبر سے پہلے کچھ تحقیق ہی کر لینی چاہئے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے بیان میں کہا ہے کہ ولی عہد یو اے ای محمد بن زاید النہیان کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا۔ ہر ایونٹ شیڈول کے مطابق ہوا ۔ فرضی باتوں کی بنیاد پر دورے پر غیرضروری تبصرے، قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔
وزیر اطلاعات