• news

وزیراعظم نے اپنا شیڈول دیکھا ہو سکتا ہے تقریب میں شرکت نہ کروں‘ چیف جسٹس تاریخ بدلنے پر برہم‘ واڈا کی معذرت

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ تبدیل کرنے پر چیف جسٹس کو اعتماد میں نہ لینے پہ معافی مانگ لی۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے شاید نااہل لوگ تھے، اب قابل اور اہل لوگ حکومت میں آگئے ہیں خود کر لینگے۔ چیف جسٹس نے نئی گج ڈیم کا فائنل پلان پندرہ جنوری تک پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ میں نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ چیف جسٹس نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اپنا شیڈول دیکھا، آپ نے مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ تبدیل کردی، اتنا بھی نہیں مناسب سمجھا کہ چیف جسٹس کو بتا دیا جاتا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ میں حکومت کی طرف سے آپ سے معافی مانگتا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اب اس ڈیم کی سنگ بنیاد کی تقریب میں شامل ہی نہ ہوں۔ اس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ نہیں سر آپ کو شامل ہونا پڑے گا، میں اس معاملہ پر آپ سے معذرت کرتا ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے یہ کیس اس وقت اٹھایا شاید جب نااہل لوگ تھے، لیکن اب قابل اور اہل لوگ حکومت میں آگئے ہیں یہ خود کر لیں گے، حکومت نے ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدلنے کے علاوہ اور کیا کام کیا، فنڈز کے حوالے سے کیا پیش رفت کی؟، صرف اتنا اعلان کردیا کہ 2025 میں پانی نہیں ہوگا، ہم اگر ٹیک اپ نہ کرتے یہ کیس تو رکا ہوا تھا چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پندرہ تاریخ تک متعلقہ وزرا آکر فائنل پلان دیں پندرہ جنوری کے بعد نئی تاریخ نہیں ملے گی۔ چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر نہیں کرنا تو بتا دیں ہم خود ڈائریکشن ایشو کر دیتے ہیں دس بلین لگ چکے ہیں کچھ نہ کچھ تو بجلی اور پانی ملے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے فیصل واوڈا کو قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک)کا اجلاس یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر میٹنگ نہ ہوئی تو اگلی سماعت پر مختصر نوٹس پر بلا لیں گے، فیصل واوڈا تازہ خون ہے اور ان سے اچھے کی امید ہے۔ کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔علاوہ ازیں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کا ٹائم فریم سپریم کورٹ میں پیش ،، مہمند ڈیم 2023 جبکہ دیامر بھاشا ڈیم2027 میں مکمل ہوگا،سپریم کورٹ نے واپڈا سے ڈیمز کی تعمیر کا حتمی شیڈول تحریری طور پر طلب کر لیا عدالت کا موبائل ٹیکس خاتمے سے متعلق فیصلے کے لئے چیئرمین ایف بی آر اور ڈیمز کیخلاف جا ری پراپیگنڈے پر چیئرمین پیمرا کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم۔ چیف جسٹس نے کہاکہ موبائل ٹیکس کو ڈیم فنڈ کی مد میں وصول کیا جا سکتا ہے یا نہیں، ڈیمز کی تعمیر پر واپڈا کو قابل احتساب بنائیں گے۔ سپریم کورٹ میں دیامر بھاشا مہمند ڈیم سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجز بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل انور منصور نے عدالت میں ڈیم کی تعمیر کا ٹائم فریم پیش کردیا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ رواں سال جون سے بھاشا ڈیم پر موبلائزیشن شروع کر دیں گے۔ دسمبر 2019 میں کام شروع اور اپریل 2022 میں ایک حصہ مکمل کرلیا جائیگا ، ڈیم کی تعمیر 2027 میں مکمل ہوگی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 2025 میں تو پاکستان میں پانی ختم ہو جائیگا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ واپڈا بہت دیر سے عدالت سے رابطے میں نہیں ہے اور سمجھتا ہے اب اس کی من مرضی ہے، وہ ہمیں الگ کرنا چاہتا ہے اس کو دیکھ لیں گے، ڈیمز کی تعمیر کی ابتدا عدالت عظمیٰ نے کی اور نگرانی بھی عدالت ہی کرے گی، ہمیں یہ بتائیں تعمیر کب شروع ہوگی اور کب ختم ہوگی؟۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے ڈیمز کے لیے اب تک کیا کیا اور کتنے فنڈز اکٹھے کیے، حکومت نے کیا صرف بیان بازی کی ہے، کیا حکومت ڈیمز کی تعمیر میں سنجیدہ ہے، ہمیں حکومت کی پالیسی درکار ہے، کیا وزیراعظم نے معاملہ پر رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے، یا پانچ سال ایسے ہی گزر جائیں گے۔چیئرمین واپڈا نے عدالت کے رو برو پیش ہو کر کہا کہ واپڈا کو بدنام کیا جارہا ہے، ڈیم کی تاخیر کی مہم چل رہی ہے اور ٹھیکہ کے حوالے سے الزام لگایا جارہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اظہار رائے کے نام پر ڈیمز کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے جس کو تکلیف ہے عدالت آئے ہم شکایت کا جائزہ لیں گے۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم کے لیے 309 ارب درکار ہوں گے، حکومت چھ سال میں 114 ارب دے گی۔ 63 فیصد فنڈز واپڈا اپنے وسائل سے پیدا کرے گا اور فنڈز ریزنگ کے لیے بانڈز جاری کرے گا، حکومت آئندہ دو ہفتے میں 17 ارب جاری کرے گی، بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے کمپنی بنائی جائے گی۔ چیئرمین واپڈا کی عدالت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ ہفتے مہمند ڈیم کی تعمیر کا کام شروع ہوگا۔ 4 سال پہلے جہاں جنگ تھی اب وہاں ڈیم بنے گا آئندہ اتوار کو مہمند اور جولائی میں دیامر بھاشا ڈیم کو افتتاح کیا جائیگا چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ ڈیمز بنانے کیخلاف جنگ جاری ہے جس کامقصد ڈیمز کی تعمیر میں تاخیر ئیے۔ نومبر 2023 میں سپل وے کی تعمیر مکمل ہو گی۔
مہمند ڈیم

ای پیپر-دی نیشن