تاجر برادری نے ملکی خوشحالی کیلئے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا: شفیق خان
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ کے صدر حاجی محمد شفیق خان، جنرل سیکرٹری سیٹھ محمد عظیم، شہزاد احمد ورک ، شیخ عبدالحمید، حبیب الرحمن انصاری، چوہدری ارشد چھرا اور محمد اسحاق مٹھو نے کہا ہے کہ تاجر طبقے کی جدوجہد کی بدولت کا معاشی ڈھانچہ قائم ہے تاجر برادری کسی بھی طبقے سے کہیں بڑھ کر ملکی خوشحالی کیلئے اپنا ہمیشہ بھرپور کردار ادا کرتی آئی ہے مگر بدقسمتی ہے کہ اسی طبقے کو ہمیشہ مسائل سے دوچار کیا گیا ہے جس کی مثالیں ہر دور میں سامنے آتی رہی ہیں، حکومت تاجر برادری کوریلیف دیئے بغیر معاشی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکتی، تاجر خوشحال ہو گا تو ہی ملکی معیشت کی مثالی ترقی میں اپنا بھرپور عملی کردار ادا کرسکے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت فورم میںگفتگو کرتے ہوئے کیا، ان تاجر رہنمائوں نے کہا کہ گزشتہ ایک عرصہ سے مدینہ مارکیٹ کی تاجر برادری دکانوں کے مالکانہ حقوق کی فراہمی کی اپلیں کررہی ہے جن پر متعلقہ حکام کان دھرنے کو تیار نہیں موجودہ حالات میں تاجروں کو نظر انداز کرنا حکومت اور انتظامی اداروں کی طرف سے نیا محاذ کھولنے کے مترادف ہے ہم پر امن جدوجہد اور اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کرتے آئے ہیں مگر اب مدینہ مارکیٹ کے تاجروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور اگر مدینہ مارکیٹ کی دکانوں کے مالکانہ حقوق کا وعدہ پورا نہ کیا گیا تو تاجر برادری مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔