اسلامی ممالک سیاسی افراتفری‘ بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہیں: طیاب راشد
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)معروف سیاسی سماجی شخصیت و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری طیاب راشد سندھو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تمام اسلامی ممالک سیاسی افراتفری اور بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہیں جس کی وجہ اغیار کی وہ سازشیں جن کا تدارک بروقت نہیں کیا جاسکا اور اب پوری امت مسلمہ ان سازشوں کی لپیٹ میں ہے اور طرح طرح کی دشواریوں کا سامنا کررہی ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اتحاد و یگانگت ہی وہ واحد راستہ ہے جو مسلم امہ کی فلاح و کامران کا ضامن ہے باہمی اختلافات اور تنازعات کا فوری حل یقینی بنا نا تمام مسلم حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کیونکہ امت متحد ہوگی تو دنیا کی کوئی طاقت کسی خظے میں مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ نہیں توڑ سکے گی، انہوں نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کشمیر سے اپنی فوجیں نہیں نکالتا اور اسرائیل فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کا قبضہ ترک نہیں کرتا تو امت مسلمہ اسے متحدہ طور پر سخت پیغام دے تاکہ دونوں خطوں میں مسلمانوں پر جاری مظالم کا سلسلہ بند ہوسکے۔