قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے: وسیمہ عمر
بھوئے آصل (نامہ نگار) تحصیل کوٹ رادھاکشن میں 30کروڑ 17لاکھ 42ہزار 500روپے مالیت کی 791کنال 18مرلے سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف جاری اس آپریشن کے دوران اب تک ضلع بھر میں 8ناجائز قابضین کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جبکہ 6 ہزار 127 افراد کو نوٹسز جاری کئے ہو چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور قبضہ مافیا کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی اور سرکاری اراضی کا چپہ چپہ واگزار کروایا جائیگا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ وہ بلا تفریق قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کریں ناجائز قابضین کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود سرکاری زمینوں کو چھوڑ دیں ورنہ بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔