عوام کے ساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں کریں گے: طارق بخاری
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے میونسپل کمیٹی شیخوپورہ کے ارکان نے اپوزیشن لیڈر حاجی غلام نبی ورک کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے تفصیلی ملاقات کی اور ان سے شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات سمیت میونسپل کمیٹی میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین اور متعلقہ حکام نے پی ٹی آئی کے کونسلرز کے حلقوں میں عملہ صفائی کو غائب کردیا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں گندگی کے انبار لگ گئے ہیں۔ وفد میں شامل کونسلرز حافظ مدثر مصطفی، چودھری کامران ذوالفقار ورک ،چودھری عمر حیات گوپے را، چودھری انیس ریاست ورک ، ملک سمیع اللہ بلوچ، رضوان الحق، جہانزیب حبیب منج، سیف اللہ بٹرمسلم لیگ (ق) کے کونسلر حاجی فلک شیر ورک سمیت دیگرشامل تھے ڈپٹی کمشنر سید طارق محمود بخاری نے وفد کو یقین دلایا کہ شہرمیں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جائیں گے اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ کو سی او میونسپل کمیٹی کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے تمام حاصل وسائل اور اختیارات کو بروئے کار لائیگی کسی کیساتھ کوئی زیادتی ،ناانصافی یا امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائیگا اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر سمیت تمام سرکاری اداروں کے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔