بلائنڈ کونسل اور یونیورسٹی آف منیجمنٹ کی ٹی ٹین لیگ لاہور نے جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائینسز کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ٹی ٹین لاہور نے جیت لی۔ لیگ میں لاہور، ایبٹ آباد، فیصل آباد اور اوکاڑہ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ لاہور اور اوکاڑہ کی ٹیموں کے د رمیان کھیلا گیا جس میں لاہور بلائنڈ ٹیم نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے ٹرافی جیت لی۔ اس میچ میں اوکاڑہ بلائنڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 3 وکٹوں پر 127 رنز سکور کیے جس میں بدر منیر نے ناقابل شکست 91 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں لاہور کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے کامران اختر نے 54 جبکہ عامر اشفاق نے ناقابل شکست 44 رنز سکور کیے۔ کامران اختر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ مختلف کیٹگری میں عامر اشفاق، بدر منیر اور کامران اختر کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔