• news

ایجنڈے پر عدم اتفاق: طالبان نے امریکی حکام سے مذاکرات منسوخ کردیئے

کابل (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) افغان طالبان نے امریکی حکام سے طے شدہ مذاکرات ایجنڈے پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے منسوخ کردیئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایک ایجنڈے پر اتفاق نہ ہونے پر طالبان نے امریکی حکام کے ساتھ ہونے والے نئے مذاکرات منسوح کر دیئے ہیں۔ مذاکرات کا نیا دور آج سے قطر میں شروع ہونا تھا۔ سینئر افغان طالبان حکام نے بتایا کہ فریقین نے مذاکرات منسوخ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق طالبان نے افغان حکام کی مذاکرات میں شمولیت کی عالمی طاقتوں کی درخواست کو بھی رد کردیا ہے۔ اس سے قبل افغان طالبان اور امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے درمیان مذاکرات کے تین ادوار ہو چکے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں افغانستان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی تیزی سے بدلتی صورت حال اور بھارت کو درپیش تجارتی خسارے پر تفصیلی بات چیت کی۔ وائٹ ہائوس ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی تازہ صورت حال پر دو طرفہ تعاون میں مزید اضافے پر اتفاق کیا جب کہ صدر ٹرمپ نے بھارت اور امریکہ کے درمیان تجارتی خسارے پر خصوصی طور پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن