تعلیمی اداروں کو اعلیٰ روایات کا حامل بنا کر وقار کو مزید بلند کرنا ہو گا: پرویزالٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے ملاقات کی جس میں وائس چانسلر نے قائم مقام گورنر پنجاب کو ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت، تعلیم سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کیلئے ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کو اعلیٰ روایات کا حامل بنا کر انکے وقار کو مزید بلند کرنا ہوگا۔ صوبے کی تمام یونیورسٹیوں میں تعیناتیوں کو میرٹ کے مطابق پُر کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس میں کسی قسم کا سیاسی دبائو نہیں ڈالا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کو بااختیار بنایا جارہا ہے تاکہ وہ اپنے معاملات بہتر طریقے سے سرانجام دے سکیں۔ چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے پڑے لکھے نوجوان نسل نے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ہمیں ان کے اعتماد کو مزید بحال کرنا ہے۔ دریں اثنا چودھری پرویز الٰہی نے چیئرمین سٹی نیوز نیٹ ورک سید افضل حسین کے بھائی اور سید محسن نقوی کے ماموں سید نجم الحسین کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے عزیز و اقارب سے تعزیت کی۔