• news

فواد چودھری کے بیان سے اختلاف، عمران پر کیس وزیراعظم بننے سے پہلے کا ،نیب کسی سے بھی تفتیش کرسکتا ہے: علی احمد خان، افتخار درانی

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدر ی فواد حسین کے نیب کیخلاف بیان کے معاملے پر وز یرمملکت پارلیمانی امور اور وزیراعظم کے مشیر کا متضاد بیان سامنے آگیا ،دونوں نے وزیر اطلاعات کے بیان سے متفق ہونے سے انکار کردیا اور وزیراعظم کےخلاف نیب میں مقدمہ چلنے کی حمایت کردی ۔ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا ا فتخار درانی نے کہا کہ نیب کے حوالے سے وزیراطلاعات فوادچوہدری کے بیان پر اتفاق نہیں کرتا ،وزیراعظم پر اگر کیس ہے تو وہ چلنا چاہیے ، پاکستان میں قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہوسکتا ، عمران خان پر سپریم کورٹ میں کیس چلا اور فنانشل آڈٹ ہوا ، عمران خان پر ہیلی کاپٹر کیس میں نیب کو فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ قانون کی حکمرانی ہے ۔ دریں اثناءایک اور نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں وزیر مملکت پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا کہ وہ وزیراطلاعات فواد چوہدری کے نیب کے حوالے سے بیان پر اتفاق نہیں کرتے ، وہ اپنے بیان کی وضاحت خود دیں میں ان کا ترجمان نہیں ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ نیب کا قانون سب کےلئے برابر ہے ، عمران خان پر کیس وزیراعظم بننے سے پہلے کا ہے ، نیب کو اختیار ہے وہ کچھ بھی پوچھ سکتے ہیں ، ہمارے پاس کوئی چیز چھپانے کےلئے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کچھ چھپایا نہیں انکی زندگی کھلی کتاب ہیں،عمران خان نوجوانوں کو قومی دھارے میں لائے۔
وزرائ/ تضاد

ای پیپر-دی نیشن