پرویز الہی سے ملاقات‘ تعلیم بنیادی حق‘ حکومت عام آدمی کے بچوں کو بھی دلائے گی : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ رواں مالی برس شعبہ تعلیم کیلئے مجموعی طور پر 373 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور ہماری حکومت نے تعلیمی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے جبکہ سابق ادوار میں تعلیم کے شعبہ کے حوالے سے زبانی جمع خرچ زیادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر پائیدار اقدامات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے کیونکہ شعبہ تعلیم کا پائیدار فروغ ہی کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے اور تعلیم کی بدولت ہی ترقی یافتہ ممالک نے اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کیا ہے۔ علم ایک ایسی دولت ہے جو کسی کی میراث نہیں ہے بلکہ ہر کسی کا بنیاد ی حق ہے اور ہماری حکومت یہ حق عام آدمی کے بچوں کو دے کر دم لے گی۔ غربت ، بے روزگاری اور جہالت جیسے مسائل سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے اور یہی وجہ ہے کہ تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ قوموں کی ترقی میں عالمی معیار کی یونیورسٹیاں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور ہماری حکومت نے اسی حوالے سے پنجاب میں اعلیٰ معیار کی 3 نئی یونیورسٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ یونیورسٹیاں شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں بنیں گی۔ نئی یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈیز کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے شعبہ ہائر ایجوکیشن کو نئے چیلنجز سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ شعبہ تعلیم کیلئے مقررکردہ اہداف حاصل کریں گے اور ہمارے بے مثال اقدامات سے صوبے میں تعلیمی منظرنامہ یکسر بدل جائے گا۔علاوہ ازیں قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی گورنر ہاﺅس میں ملاقات کے دوران مختلف معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پنجاب اسمبلی سے متعلقہ اہم امور سرفہرست تھے۔ اس موقع پر صوبائی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے عثمان بزدار کی جانب سے عمران خان کے ویژن اور ہدایات کے مطابق تمام شعبوں میں پیش رفت کو سراہا اور کہا کہ عام اور غریب آدمی کی فلاح و بہبود اور عوامی مسائل کے حل کیلئے صوبہ میں جو اقدامات کئے جا رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں، سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب حکومت تعلیم، صحت، امن عامہ پر خصوصی توجہ اور ترجیح دے رہی ہے اور انشاءاللہ اس کے بہت جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے جس سے پیشہ ور ناقدین کو مایوسی ہو گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے اتنی سخت سردی میں بھی سڑکوں پر سونے پر مجبور افراد کو چھت اور کھانے کی فراہمی کیلئے ہر ضلع میں پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبہ کی خصوصی طور پر تعریف کی اور کہا کہ معاشرہ کے بے بس اور پریشان حال طبقوں کی دستگیری نہایت احسن اقدام ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے تمام صوبائی محکموں اور اداروں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کے بھی مثبت اور مو¿ثر نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ان کی کارکردگی میں بہتری اور اضافہ سے ہر طبقہ مستفید ہو گا۔ عثمان بزدار نے سید افضل حسین نقوی کے بھائی سید نجمل حسین نقوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار