• news

ایل این جی سکینڈل : سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کل طلب‘ نیب شاہد خاقان کو بھی بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (نامہ نگار) ایل این جی سیکنڈل میں نیب نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو طلب کرلیا۔ مفتاح اسماعیل کو ریکارڈ سمیت 11 جنوری کو نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مفتاح اسماعیل کو سابق سربراہ ایس ایس جی سی کی حیثیت سے طلب کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی ایل این جی سکینڈل میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے جون میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم و دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ جس کے تحت پاکستان ہر سال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔

مفتاح اسماعیل / طلب

ای پیپر-دی نیشن