• news

پاک فوج دہشت گردی کیخلاف لڑائی سے کندن بن کر نکلی‘ پیشہ ور آرمی جنگ کے خطرے کو ٹالتی ہے : آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کور کی ان فوجی فارمیشنوں کا دورہ کیا جو موسم سرما کی اجتماعی مشقوں میں مصروف ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے روایتی فوجی خطرہ کے خلاف مشینی دستوں کی دفاعی پوزیشن کا تیار کرنے کی مشق ملاحظہ کی۔ بعدازاں آرمی چیف نے مشرقی سرحد پر فورٹ عباس میں انفنٹری دستوں کی مشقیں بھی دیکھیں۔ انہوں نے مشقوں کی عمدہ تیاری اور حربی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا متمنی ہے اور بابائے قوم کے ویژن کے مطابق ملک کے اندر اور باہر امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ درست طریقے پر مسلح، عمدہ تربیت یافتہ پیشہ ور فوج جنگ کے خطرہ کو ٹالتی ہے اور امن کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ پاک فوج بھی ایسی ہی عسکری قوت ہے جو دہشت گردی کے خلاف لڑائی سے کندن بن کر نکلی ہے۔
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن