صادق آباد کے قریب شرپسندوں نے گیس پائپ لائن تباہ کر دی‘ پنجاب میں صنعتوں کو سپلائی بند
رحیم یار خان+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) شرپسندوں نے صادق آباد کے قریب گیس پائپ لائن اڑا دی ہے۔ ترجمان سوئی ناردرن کے مطابق گیس پائپ لائن کو دھماکہ سے اڑایا گیا۔ قادر پور، صادق آباد، ملتان کو گیس کی سپلائی بند کردی گئی۔ پنجاب میں تمام صنعتوں کو گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے بھونگ صادق آباد کے قریب ACIX - AV7پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ شرپسند انہ کارروائی کی وجہ سے منگل کو رات 2:40کے قریب A-1رپیٹرسٹیشن کے ڈاﺅن سٹریم پر پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث دھماکہ ہوا۔ سوئی ناردرن کی امدادی اور مرمتی ٹیموں نے حادثے کی جگہ پہنچ کر کام شروع کر دیا اور ACIX قادرپور (بھونگ)، ACIX سوئی (بھونگ)، AC4 اوچ شریف، AC6 ملتان اور AC0سوئی پر نصب شدہ کمپریسر سٹیشنز مکمل طور پر بند کر دئیے گئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پنجاب میں صنعت، فرٹیلائزر اور پاور سیکٹر کو گیس کی سپلائی معطل ہے۔ دھماکہ کی وجہ سے ٹرانسمیشن پائپ لائن کے پاس علاقے میں آگ پھیل گئی جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر گیس کی بندش رہی تو مشکلات ہوسکتی ہیں‘ صارفین سے تکلیف پر معذرت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن میں خرابی پر بجلی کو متبادل فیول سے مینج کیا جارہا ہے۔
وزیر توانائی