• news

خورشید شاہ کی ثناءاللہ زہری سے بلوچستان حکومت گرانے پر معذرت

کوئٹہ، اسلام آباد (آن لائن+سپیشل رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وسابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر وسابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری سے بلوچستان میں ان کی حکومت گرانے پر معذرت کرتے شرمندگی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق خورشید شاہ اور نواب ثناءاللہ زہری کی جام مدت کے بیٹے کی شادی میں آمنا سامنا ہوا جس پر خورشیدشاہ نے نواب ثناءاللہ زہری سے مخاطب ہوتے کہا کہ آپ کی حکومت گرانے پر شرمندہ ہیں اور انہوں نے نواب ثناءاللہ زہری سے حکومت گرانے کے معاملے پر معذرت بھی کی، تاہم ثناءاللہ زہری نے اس معاملے پر کوئی جواب نہیں دیا۔دریں اثنا خورشید شاہ نے کہا ہے کہ یہ وقت منی بجٹ لانے کا نہیں ہے۔ اگر نیا منی بجٹ لایا گیا تو اس بات کا ثبوت ہوگا کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسی ناکام ہوگئی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے سے ان کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی منی بجٹ کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ حکومت معاشی اصلاحات کی بجائے اخراجات پورے کرنے کیلئے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے آتے ہی ایک منی بجٹ دیا تھا اور اب چند ہفتوں میں دوسرا منی بجٹ دینا بڑی زیادتی ہوگی۔
خورشید شاہ/ معذرت

ای پیپر-دی نیشن