فیصل آباد، بورے والا، لاہور: حالات سے دلبرداشتہ خاتون سمیت 3 نوجوانوں کی خودکشی
فیصل آباد، بورے والا، لاہور (نمائندہ خصوصی، نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار) حالات سے دلبرداشتہ خاتون سمیت 3 نوجوانوں نے خودکشی کرلی۔ فیصل آباد کے نواحی علاقہ تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود چک نمبر 73 ر ب لوہکے کے 18 سالہ عمیر کو والدین نے ڈانٹا تو نوجوان نے دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں جسے حالت غیر میں مبتلا ہونے پر سول ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود جانبر نہ ہوسکا۔ بورے والا کے نواحی گائوں 239 ای بی میں رضیہ بی بی بھی گھریلو ناچاقی پر گزشتہ روز گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ علاقہ ٹاؤن شپ کے 30سالہ عثمان نے گزشتہ روز گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کرزہریلی گولیاں کھا لیں۔حالت غیر ہو نے پر طبی امداد کے لئے ہسپتال لے جایا گیا،مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اوردم توڑ گیا۔ پوسٹ مارٹم اور کسی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار پرپولیس نے نعش ورثاء کے حوالے کردی۔سیالکوٹ کے نواحی تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ کھروٹہ سیداں کے 40 سالہ وحید اقبال نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی پولیس تھانہ کوٹلی لوہاراں نے نعش کو قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی شروع کر دی۔قصور کے نواحی گائوں شیخ عما کہنہ میں محمد رمضان کے 21 سالہ بیٹے عثمان نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔ سرائے مغل کے علاقہ ہنجراں کلاں کے امانت نے جھگڑے پر طیش میں آکر زہریلا سپرے پی لیا۔