16فرو ری سے نئے پنجاب کی سب سے سُر یلی آواز کی تلاش کا آغاز کیا جا رہا ہے :وزیر اطلاعات
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ گلوکاری کے شوقین تمام نوجوان تیار ہو جائیں کیونکہ محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب 16فروری کونئے پنجاب کی سب سے سُریلی آواز کی تلاش میں نکل رہی ہے ۔ تلاش کا آغاز ملتان سے کیا جا رہا ہے ۔ دور دراز علاقوں سے سر تال کے شوقین اپنے اڈیشنز کے لیے محکمے کی جانب سے جاری کردہ ٹیلی فون نمبرز پر واٹس ایپ کے ذریعے اپنی آوازیں بھیج سکتے ہیں ۔چاروں ریجنز سے منتخب شدہ 20آوازوں کو لاہور میں گرینڈ فینالے سے پہلے موسیقی کے نامور فنکاروں سے تربیت کا موقع دیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے ریجنل آرٹس کونسلز کے ڈائریکٹرز کی سربراہی میں 4رکنی کمیٹی بنائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا آرٹ کونسل میں وائس آف پنجاب کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کامیاب پہلے تین اُمیدواروں کو بالترتیب 5،3 اور ڈیڑھ لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے جبکہ حتمی مقابلے کے لیے منتخب ہونے والے20کے20امیدواروں میں بھی نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے ۔ حتمی مقابلے میں ہر ریجن سے پانچ پانچ امیدواروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ وائس آف پنجاب کے تحت بہترین گلوکار کے انتخاب کے لیے مقابلے ہر سال کروائے جائیں گے ۔ ججز کا اعلان کمیٹی میں مجوزہ ناموں کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔