سربراہ فضائیہ کیساتھ فائر پاورز تجربے کا مشاہدہ سرحدوں کا تحفظ بہتر ہو گا : آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی ایئر ڈیفنس نے گزشتہ روز فائر پاور کا شاندار مظاہرہ کیا جس دوران پاکستان نے پہلی بار لانگ رینج ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم ایل وائے 80 کی فائر پاور کا بھی تجربہ کیا۔ کئی حصاروں پر مشتمل، مربوط اور مہلک فضائی دفاع کے نظام کو حال ہی میں ایئر ڈیفنس کا حصہ بنایا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ مشق البیاز 2019ءکے تحت فائر پاور صلاحیت کا مظاہرہ کراچی کے قریب ایئر ڈیفنس فائرنگ رینج میں کیا گیا جسے مشق کی اختتامی تقریب میں آرمی چیف اور ایئر چیف نے دیکھا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ایل وائے 80 سسٹم کی شمولیت سے فضائی دفاع کی قوت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ قومی سطح پر پاک فضائیہ کے ساتھ اس نظام کے اضافے سے فضائی سرحدوں کا تحفظ بہتر ہوگا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں اور افسران سے ملاقات بھی کی۔ ایئر ڈیفنس میں نئے سسٹم کے اضافے سے دفاعی صلاحیتوں کو مزید مو¿ثر اور مضبوط بنا دیا گیا ہے۔ نظام کی شمولیت سے پاکستان کی مجموعی فضائی دفاع کی صلاحیت مزید موثر ہوگی۔ مظاہرے میں ایئر ڈیفنس کے تمام ہتھیاروں کو استعمال کیا گیا۔ ایئر چیف مارشل نے بھی نئے سسٹم کی شمولیت پر پاک فوج کو مبارکباد دی جبکہ کور کمانڈر کراچی، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ اور دیگر افسران نے بھی مظاہرہ دیکھا۔ خیال رہے کہ ایل اے وائے 80 نظام چین سے حاصل کیا گیا ہے۔
آرمی چیف