اصغر خان کیس : انکوائری ختم کرنیکی سفارش مسترد کرتے ہیں خاندان کا جواب سپریم کورٹ میں جمع
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز+آن لائن + آئی این پی) ائر مارشل اصغرخان کے لواحقین نے ایف آئی اے کی جانب سے اصغرخان کیس میں انکوائری ختم کرنے کی سفارش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اصغر خان کا خاندان کیس کا حتمی انجام چاہتا ہے۔ اصغر خان کے لواحقین کی جانب سے ان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا۔ اصغر خان کی اہلیہ، صاحبزادے علی اصغر، نسرین خٹک اور شیریں اعوان نے مشترکہ جواب میں کہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے اصغر خان کیس کی انکوائری ختم کرنے کی سفارش کو مسترد کرتے ہیں۔ اصغر خان کے لواحقین نے کہا کہ اصغر خان کیس میں ایف آئی اے انکوائری ختم نہیں ہونی چاہیے، اصغر خان کا خاندان کیس کا حتمی انجام چاہتا ہے۔کیس کے ٹرائل کے بعد آنے والا نتیجہ پاکستان کی عوام کے سامنے رکھا جائے۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے نے اصغر خان کیس کو بند کرنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ نے اصغر خان کے لواحقین کو کیس کی پیروی کرنے یا نہ کرنے سے متعلق جواب جمع کرانے کے لیے 31 دسمبر کو نوٹسز جاری کیے تھے۔
اصغر کیس