• news

زرداری، فضل الرحمن، اسفند یار، اچکزئی سب کا نمبر آنے والا ہے: فیاض چوہان

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردی ہیں، عمران خان پاکستان کا مستقبل سنوارنے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں، نواز شریف کے بعد زرداری، فضل الرحمن، اسفند یار ولی، محمود خان اچکزئی سب کا نمبر آنے والا ہے، سب سے لوٹی دولت سب سے برآمد کی جائےگی اور ملک کو لوٹنے والوں کو چکی بھی پیسنی پڑے گی اور اپنی بیرک میں ہلکی سی جھاڑو بھی لگانا پڑے گی، ملک لوٹنے والے ہماری منتیں کرتے ہیں کہ کچھ لے لو اور ہماری جان چھوڑ دو، یہ چاہتے ہیں کہ پھر سے سعودی عرب اور لندن میں جا کر سیر سپاٹے کریں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میری گفتگو سے صحافیوں کے جذبات مجروح ہوئے تھے اس پر معذرت کرتا ہوں، اسمبلی میں بھی دو مرتبہ معذرت کی آج دوبارہ معذرت کرتا ہوں۔ شریف خاندان سپریم کورٹ سے سرٹیفائیڈ اور کلیریفائیڈ چور ڈکلئیر ہوچکا ہے، سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کے چچا کو چور اور ڈاکو قرار دیا ہے اور نواز شریف کے خلاف عدالت نے فیصلہ دیا اس میں میرا کیا قصور ہے، ان کو ڈراﺅنے خواب فیاض الحسن چوہان کی صورت میں آتے ہیں۔ پنجاب سپیڈ جس کا یہ ذکر کرتے ہیں یہ چوری اور کرپشن کی سپیڈ تھی۔ حمزہ شہباز بڑھکیں مارتے ہیں انہیں اپنا حساب دینا ہوگا۔ حمزہ شہبازکو پی اے سی کا چیئرمین بنانے کے لیے ہم نے ا پوزیشن کو بہت منع کیا اور کہا کہ ن لیگ سے کوئی اور نام دیں لیکن انہوں نے ہماری بات نہ مانی۔ اب ہم مجبور ہیں کیونکہ ہمیں ایک ہی نام دیا گیا تھا۔ اگر پی اے سی میں حمزہ شہباز کو بلایا جائے گا اور دودھ کی رکھوالی کسی باگڑ بلے کو دی جائے گی تو اس کے لیے کچھ اصول تو رکھے جائیں گے اور اصول وہی ہوں گے جو وفاق نے طے کیے ہیں۔ اگر کوئی کیس (ن) لیگ کے لگائے گئے منصوبوں میں کرپشن کے حوالے سے پی اے سی کے پاس آئے گا تو اسے دوسری سب کمیٹی ڈیل کرے گی۔ اپوزیشن کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے، حمزہ شہباز معلوم نہیں کہ کہاں سے اعداد و شمار لے آئے تھے، حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈالر یہ اور معیشت وہ تھی، (ن) لیگ دور میں صورتحال مصنوعی تھی جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ حمزہ شہباز اب تیار رہیں کیونکہ کپتان کے نئے پاکستان میں بد دیانتی اور لوٹ مار کرنے والے کا ٹھکانہ جیل کی سلاخیں ہیں۔ کرپشن کی گاجریں کھانے والوں کو احتساب کا سامنا ہر صورت کرنا پڑے گا۔ میں کرپٹ مافیا اور سیسلین مافیا کیخلاف جدوجہد میں فخر محسوس کرتا ہوں۔ میری تصویر جلائیں گے تو کوئی بات نہیں میں انکے خلاف یوں ہی جد وجہد جاری رکھوں گا۔ شریف خاندان سمجھتا ہے کہ خلیجی ممالک ان کے خالہ زاد اور رشتے دار ہیں ان کے بغیر وہ کسی سے لین دین نہیں کریں گے مگر ترکی اور چین سمیت تمام ممالک نے پاکستان کی نئی قیادت پر اعتمادکیا کیونکہ اہمیت شخصی تعلقات یا کاروبار نہیں اہمیت ریاست رکھتی ہے۔ عمران خان کی ساڑھے تین چار گھنٹے کی جہاز کی فلائٹ نواز شریف اور آصف زرداری کی لوٹ مار سے بہت مختلف ہے۔ نواز شریف قومی مجرم ہیں کیونکہ انہوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ہے۔ آج کی نئی قیادت ملیحہ لودھی کو پیچھے بٹھا کر اپنے تعلقات نہیں بناتی، ساڑھے 4ماہ میں 6ممالک پاکستان کیلئے فرنٹ فٹ پر آئے۔ فضل الرحمن، آصف زرداری اور آل شریف ہماری منتیں کرتے ہیں کہ کچھ لے لو اور ہماری جان چھوڑ دو۔ اب اگر ہم ان کی کرپشن اور بد دیانتی، رشوت خوری اور ماڈل ٹاﺅن جیسی قتل و غارت کے بارے میں بات کرتے ہیں تو یہ غلط نہیں ہے۔ ماں باپ بچے کو لاکھ گالیاں دیتے ہیں مگر گلے لگاتے ہیں اسی طرح اگر سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کے حوالے سے کوئی سخت ریمارکس دیا تو وہ ہمیں قبول ہے۔ الحمرا میں اجلاس کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقا فت نے کہا ہے کہ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی کارکردگی اچھی ہے تاہم افسران زیادہ محنت لگن اور تعلقات عامہ کی جدید تکنیک استعمال کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کا گراف مزید بلند کرسکتے ہیں۔ میرے نزدیک نا اہلی اور بد دیانتی گناہ کے مترادف ہے۔ اشتہارات، فنانس اور ایڈمنسٹریشن میں ہر طرح کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کروں گا۔ میں کپتان کا سپاہی ہوں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف جہاد کر رہا ہوں۔
فیاض چوہان

ای پیپر-دی نیشن