پی ایچ اے کے مالیوں کو تعلیم بالغاں کورس کرانے پر غور
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب حکومت ’’ تعلیم سب کیلئے ‘‘ کی پالیسی پر گامزن، پی ایچ اے کے مالیوں کو تعلیم بالغاں کا کورس کرانے پر غور، فروغ تعلیم کیلئے امتحان پاس کرنیوالے ملازمین کو ایک سکیل ترقی اور تنخواہ میں اضافے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔ تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید نے کہا تحریک انصاف کی حکومت ’’ تعلیم سب کیلئے ‘‘ کی پالیسی پر گامزن ہے، پی ایچ اے چونکہ بنیادی طور پر مالیوں کا محکمہ ہے اور ان میں سے بیشتر زیور تعلیم سے آراستہ نہیں، اس کیلئے بورڈ آف گورنر ز کو تجویز دی ہے کہ پی ایچ اے کے مالیوں کو تعلیم بالغاں کا کورس کرایا جائے اور امتحان پاس کرنیوالے ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔ حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ مالیوں کی تعلیم و تربیت ادارے کو مزید فعال کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ کورس کرانے کیلئے محکمہ تعلیم پنجاب اور دیگر ماہرین تعلیم سے بھی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے ایک سال کے دوران پی ایچ اے کا مالی خسارہ کم کر کے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائے۔ پی ایچ اے کو مزید فعال کرنے، ریونیو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ادارے کے ملازمین کی خوشحالی بھی اولین ترجیح ہے، اس کیلئے پی ایچ اے کے مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید فعال کرنیکی ضرورت ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو دی جانیوالی تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گریٹر اقبال پارک میں مینار کی لفٹ کو اگر دوبارہ فعال کر دیا جائے تو پی ایچ اے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور وہاں پر آنے والے شہری بھی تاریخ کو اپنی یادداشت میں محفوظ کر سکیں گے۔ امید ہے آپ اس تجویز پر مثبت ردعمل دیں گے۔