• news

تنازعہ کشمیر کے فوجی حل کی پالیسی، خطے کا امن تہہ و بالا ہوجائے گا: سردار مسعود

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے تنازعہ کشمیر کو طاقت اور فوج کی مدد سے حل کرنے کی پالیسی سے خطے کا امن تہہ و بالا ہو جائے گا۔ بھارت کے حکمرانوں کی یہ بھول ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے بے گناہ عورتوں اور بچوں کو گولیوں کا نشانہ بنا کر آزاد کشمیر کے عوام کو تحریک آزادی کشمیر کی حمایت سے روک لیں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام کو مسلسل ننگی جارحیت کا نشانہ بنا کر بھارت عوام کو اپنے دفاع میں بندوق اٹھانے پر مجبور نہ کرے ۔صدر آزاد کشمیر نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوج کی وحشیانہ بلا امتیاز فائرنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو جنگی جنون پیدا کرنے سے روکے۔ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ مادر وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے ۔ وادی نیلم کے اشکوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی قابض فوج مسلسل 2003 کے فائر بندی معائدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن