کرپشن کی تحقیقات سے گھبرائے مودی نے سی بی آئی کے ڈائریکٹر آلوک ورما کو پھر راستے سے ہٹا دیا
لاہور (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سپریم کورٹ کی طرف سے تشکیل دیئے گئے اعلی سطح کے پینل کی سربراہی کرتے ہوئے ملک کی بااثر ترین سول تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی کے ڈائریکٹر آلوک ورما کو پھر ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔ واضح رہے کہ آلوک ورما نے وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی دوستوں اور اتحادیوں کیخلاف کرپشن کے کچھ معاملات کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا جس پر مودی حکومت بپھر گئی اس کے اشارے پر پہلے آلوک ورما کیخلاف ان کے ڈپٹی راکیش استھانہ کو متحرک کر دیا پھر23 اکتوبر 2018ء کو آرڈر کے ذریعے آلوک ورما کو مودی سرکار کا ’’تابعدار‘‘ نہ بننے پر جبری رخصت پر بھجوا دیا۔ آلوک ورما 1978ء بیج کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ انہوں نے عہدے سے ہٹانے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا چیف جسٹس کے حکم پر آلوک ورما کو ڈیوٹی پربحال کرتے ہوئے ان کے ہٹائے جانے کے کیس پر فیصلے کیلئے پینل تشکیل دیا جس میں سپریم کورٹ کے جج اے کے سکری، کانگریس کے رہنما ملک ارجن کھارگے شامل تھے جبکہ مودی کو سربراہی سونپی گئی آلوک ورما کی مدت ملازمت31 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔