ہائیکورٹ نے وزیر پٹرولیم کی بی اے کی ڈگری جعلی قرار دینے پر جاری حکم امتناعی ختم کردیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کی بی اے کی ڈگری جعلی قرار دینے پر جاری حکم امتناعی ختم کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر 11 مارچ کو وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ درخواست گزار وفاقی وزیر غلام سرور خان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ انہوں نے ایسوسی ایٹ انجینئر کا پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل سے ڈپلومہ حاصل کیا، ڈپلومہ ایف اے کے برابر تھا جس کے بعد اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے بی اے کیا، ڈپلومہ کو جواز بنا کر لیگی حکومت نے متعلقہ یونیورسٹی سے بی اے کی ڈگری کو جعلی قرار دلایا۔ سیاسی دبائو پر بی اے کی ڈگری کو منسوخ کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، عدالت بی اے کی ڈگری منسوخ کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔ بورڈ کے لیگل ایڈوائزر نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی جانب سے تاریخ پر تاریخ مانگی جارہی ہے۔ حکم امتناعی خارج کرکے درخواست کا فیصلہ سنایا جائے۔