• news

حکومت فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے سنجیدہ نہیں: خورشید شاہ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) خورشید شاہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے بارے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو ٹاسک دینے سے ثابت ہو گیا ہے کہ حکومت فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر سنجیدہ نہیں ہے۔ صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فواد چوہدری کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دینے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں فواد چوہدری کے ساتھ اطمینان محسوس نہیں کرتیں۔ فواد چوہدری کو ذمہ داری دینے کی بجائے وزیراعظم عمران خان خود ذمہ داری لیتے تو بات سمجھ میں آتی تاہم وفاقی وزیراطلاعات کے سوا بھی کسی دوسرے وزیر کو ذمہ داری دی جاتی تو بات سمجھ میں آتی۔پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی حمایت کریگی یا نہیں یہ بعد کا معاملہ ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کو مثبت عمل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس آصف علی زرداری کے خلاف کوئی مواد نہیں، تحریک انصاف سپریم کورٹ جائے گی تو بھی الیکشن کمشن ہی آنا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن