• news

چناب پر ڈیمز : بھارت نے معائنہ کی اجازت دیدی‘ پاکستانی وفد 27 جنوری کو دورہ کریگا

اسلام آباد (این این آئی، نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مسئلے پر بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور بھارت نے سندھ طاس معاہدے کا تنازعہ حل کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے مطابق پاکستان کی درخواست پر بھارت نے دریائے چناب پر منصوبوں کے معائنے کی درخواست قبول کرلی ہے۔فیصل واوڈا نے بتایا کہ بطور وفاقی وزیر آبی وسائل اپنی تین رکنی ٹیم کو معائنے کے لیے بھارت روانگی کی ہدایت کردی ہے اور خصوصی ٹیم 27 جنوری سے یکم فروری تک منصوبوں کا معائنہ کرے گی جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کریں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے بھارت دیگر حل طلب مسائل پر بھی بات چیت پر آمادہ ہو گا۔دوسری جانب انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے بتایا کہ وفد دریائے چناب پر بننے والے منصوبے لوئر کلنائی اور پکل دل کا معائنہ کرے گا۔انڈس واٹر کمشنر کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھر پور آواز بلند کی ہے، بھارتی انڈس واٹر کمشنرپی کے سکسینا وفد کے ہمراہ گزشتہ برس پاکستان آئے تھے۔
سندھ طاس تنازعہ

ای پیپر-دی نیشن