• news

تاجر برادری معاشی استحکام کیلئے تعاون کرے: آرمی چیف ‘ نئے افغان سفیر کی ملاقات امن عمل پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ تاجر برادری سکیورٹی کی بہتر صورتحال کے باعث پیدا شدہ سازگار ماحول سے بھرپور استفادہ کرے اور ملک میں معاشی استحکام کیلئے تعاون کرے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے جمعہ کے روز کراچی میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تاجروں کو ملک کے اندر بالعموم اور کراچی میں بالخصوص سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی۔ تاجر برادری ملک کے معاشی استحکام میں تعاون کرے۔ تاجر برادری نے ملک کی سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی اور کاروباری مواقع بڑھانے کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ تاجر برادری نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی اقتصادی صلاحیت مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔علاوہ ازیں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیر نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے نئے افغان سفیر شکراللہ عاطف مشال نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آرمی چیف نے پاکستان میں نئے افغان سفیر کو خوش آمدید کہا۔ آرمی چیف نے افغان سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے توقع ظاہر کی کہ نئے سفیر کی خدمات دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہونگی۔
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن