• news

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ معاشی بحالی کی ضمانت ہے: ہاشم جواں بخت

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت گزشتہ روز پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر سٹیرنگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء برائے تعمیرات و مواصلات سردار آصف نکئی، برائے خوراک سمیع اللہ چوہدری، برائے ہائر ایجوکیشن ہمایوں یاسر اور مختلف محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد صوبائی وزراء اور محکموں کوموجودہ معاشی حالات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی ضرورت اور اہمیت سے آگاہ کرنا اور اس مقصد کے لیے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بور ڈ پنجاب کے تحت قائم کردہ خصوصی سیل سے متعارف کروانا تھا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ معیشت کی بحالی اور بہترین طرز حکمرانی کی ضمانت ہے تاہم اس سے استفادے کے لیے ضروری ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ دونوں سیکٹر ز کو یکساں طور پر متحرک کیا جائے ۔ جب تک حکومت خود عوامی بہبود کے منصوبوں میں حصہ نہیں لے گی پرائیویٹ سیکٹر کا اعتماد بحال نہیں ہو گا ۔ اس ضمن میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے تحت قائم کردہ سیل پبلک سیکٹر کی رہنمائی ، تکنیکی معاونت ، پارٹنر شپ کے مواقعوں اور فنڈنگ کے حصول کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔

محکمے اپنے جاری اور آئندہ منصوبہ جات میں پارٹنر شپ بورڈ کی خدمات سے استفادہ کریں ۔ پنجاب پبلک پارئیویٹ پارٹنر شپ سیل کے سربراہ آغا وقار جاوید نے اجلاس کو سیل کی فعلیت ، قوانین اور پارٹنرشپ کی مختلف صورتوں پر بریفنگ دی اور ڈونرز کی جانب سے پارٹنر شپ کے مواقع سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ٹورازم کے حوالے سے سود مند انفراسٹریکچر کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کی۔ وزیر خزانہ نے مختلف محکموں کے مابین تعاون اور روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محکمہ خزانہ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل کو ہدایت کی کے وہ محکمہ مواصلات و تعمیرات سمیت تمام محکموں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے استفادے کے لیے منصوبہ جات کی تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کریں ۔

ای پیپر-دی نیشن