• news

جوہانسبرگ ٹیسٹ: جنوبی افریقہ 262 رنز پر آئوٹ‘ فہیم کے 3 شکار

لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے 2 وکٹوں پر 17 رنز بنا لیے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں کھیلا جارہا ہے، جنوبی افریقہ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے کیا۔ اوپنر ڈین ایلگر زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کھانے کے وقفے تک میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 108 رنز بنائے، دوسرے سیشن میں تازہ دم بائولرز نے مارکرم اور ہاشم آملہ کو پویلین بھیج دیا، مارکر نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 90 رنز پر چلتے بنے جبکہ ہاشم آملہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ 229 رنز پر اس وقت گری جب بروین 49 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے، محض 15 رنز کے اضافے کیساتھ 244 کے مجموعے پر بیووما 8 اور زبیر حمزہ 41 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے، محمد عامر نے دونوں کو چلتا کیا، 20 رنز کے اضافے کے ساتھ باقی بیٹسمین بھی آؤٹ ہوگئے۔جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا خاتمہ 262 رنز پر ہوا، قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی پھر ناکام ہوگئی، انِ فارم بیٹسمین شان مسعود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ اگلی ہی گیند پر فلینڈر نے آؤٹ آف فارم اظہر علی کو چلتا کردیا۔ کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 2 وکٹوں پر 17 رنز بنا لیے تھے، امام الحق 10 اور نائٹ واچ مین محمد عباس صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔قومی ٹیم میں میچ کے لیے 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، یاسر شاہ، فخر زمان اور شاہین آفریدی کی جگہ فہیم اشرف، شاداب خان اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 0-2 کی برتری حاصل ہے ۔ زبیر حمزہ نے جنوبی افریقہ کی طرف سے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ۔ انہیں معطلی کا شکار کپتان فف ڈیوپلیسی کی جگہ شامل کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن