بیڈمنٹن فیڈریشن تحریری احکامات کے بغیر کھلاڑیوں کو بلیک لسٹ کر دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بیڈمنٹن آرگنائزر شہزاد لیاقت نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے لاہور میں منعقد ہونے والے پنجاب بیڈمنٹن کپ میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن نے پابندی لگا کر ان کا مستقبل تاریک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیڈریشن کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی کسی تحریری احکامات کے لیے اطلاع کی ہے کہ فیڈریشن کی جانب سے انہیں بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کو بتا دیا گیا ہے کہ مستقبل میں پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن اور پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والے کسی ایونٹ میں شرکن نہیں کر سکیں گے۔ شہزاد لیاقت کا کہنا تھا کہ ایک طرف صوبائی حکومت نے پنجاب کپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جبکہ دوسری جانب فیڈریشن نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے حکام گذشتہ کسی سال سے پنجاب کی سطح پر اپنی ایسوسی ایشن کے ساتھ اتنا بڑا ٹورنامنٹ نہیں کرا سکی ہے جس کی بنا پر نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع نہیں مل رہا تھا۔ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن اور پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع نہیں مل رہا تھا۔ ہمارے ٹورنامنٹ میں 3 سو سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی ہے جن کا مستقبل تاریک کرنے کے لیے فیڈریشن کی جانب سے انہیں بلیک لسٹ کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے کوئی تحریری احکامات جاری نہیں کیے ہیں۔ ہماری صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی سے درخواست ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں تاکہ کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھیں۔