ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے پاکستان میں کھیلنے کا اشارہ دیدیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آسٹریلوی ون ڈے ٹیم کے کپتان ایرون فنچ اور پاکستانی نژاد بلے باز عثمان خواجہ نے پاکستان میں ون ڈے میچز کھیلنے کا اشارہ دیدیا ہے۔ ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے سٹیڈیمز عمومی طور پر تماشائیوں سے خالی ہوتے ہیں جبکہ پاکستانی فینز اپنی سرزمین پر کرکٹ میچز دیکھنے کے لیے بہت پرجوش دکھائی دیتے ہیں، اگر پاکستان میں میچز ہوں تو یہ ان سب کے لیے اس سے بڑی بات اور کیا ہوسکتی ہے، جب بھی وہاں پر میچز ہوں گے تو یقینی طور پر سٹیڈیمز میں ایک سیٹ بھی خالی نہیں ملے گی۔عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ میں پاکستان میں پیدا ہوا، مجھے وہاں جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن حتمی فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا نے کرنا ہے اور جیسا وہ کہیں گے، اس کے مطابق ہی ہم نے میچز کھیلنا ہیں، وہ ہم سے بہتر جانتے ہیں کہ اس بارے میں کیا بہتر فیصلہ ہوگا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کینگروز کے پاکستان میں جاکر کھیلنے کے امکانات ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہوتے جارہے ہیں ،پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ میں سے دو میچز لاہور یا کراچی میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کررکھی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے پی سی بی کو مثبت اشارے ضرور دیے ہیں لیکن ابھی تک شیڈول کو حتمی شکل دینے سے گریزاں ہے، آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیوین روبرٹس نے یہ واضح کیاکہ ہم کھلاڑیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ماہرین کی مشاورت سے ہی معاملات کو فائنل کریں گے۔