مجھ سمیت تمام بیٹسمین برے شارٹس کھیل کرآؤٹ ہوئے :سرفراز احمد
لاہور (نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنی بیٹنگ پر کام کیا جس کا نتیجہ ملا ہے، بولرز کے پاس صلاحیت ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کو جلد آؤٹ کرلیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ مجھ سمیت ہمارے تمام بیٹسمین برے شارٹس کھیل کرآؤٹ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آخری 5 میں سے3 بیٹسمین غلط شارٹ لگاتے ہوئے وکٹ گنوا بیٹھے، میں نے اپنی بیٹنگ پر کام کیا،اس کا نتیجہ ملا، جنوبی افریقہ میں بہت سنبھل کر بیٹنگ کرنا ہوتی ہے۔ مارکرم اور ہاشم آملہ بہترین بیٹنگ کررہے ہیں، اوپر سے 2،3 وکٹیں جلدی گرنے کا نقصان ہورہا ہے، مجھے سنچری اور ٹیم کا مجموعی سکور260 تک جانا چاہیے تھا، میں اور بابر اعظم مثبت بیٹنگ کا سوچ کر کریز پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بولرز کے پاس صلاحیت ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کو جلد آؤٹ کرلیں، ابھی بھی میچ جیتنے کے امکانات موجود ہیں۔