ملتان سلطانز کے سٹیو سمتھ کی پی ایس ایل فور میں شرکت مشکوک
لاہور(نمائندہ سپورٹس)بال ٹمپرنگ کیس میں سزایافتہ سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ انجری کے باعث پی ایس ایل میں شرکت مشکوک ہوگئی۔بال ٹمپرنگ کیس میں معطلی کی سزا ختم ہونے کے منتظر سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کو میلا وکٹوریئنز کی نمائندگی کرتے ہوئے صرف دو میچ کھیلے تھے کہ کہنی کی انجری سے پریشان ہو کر ایونٹ ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ فٹنس مسائل سے نجات پانے کے لئے انہیں سرجری کروانا ہوگی جس کے بعد میدان میں واپسی کے لئے ڈیڑھ ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا، یوں 14 فروری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل میں ان کی شرکت کے امکانات کم رہ گئے ہیں، سابق آسٹریلوی کپتان کی خدمات ملتان سلطانز نے حاصل کر رکھی ہیں، فرنچائز کو سپلیمنٹری پلیئرز کی فہرست میں سے کسی متبادل نام پر غور کرنا ہوگا۔