• news
  • image

آرمی چیف کی تاجر برادری سے تعاون کی اپیل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کے روز کراچی میں تاجروں کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری سکیورٹی کی بہتر صورتحال کے باعث پیدا شدہ سازگار ماحول سے بھرپور استفادہ کرے اور ملک میں معاشی استحکام کیلئے تعاون کرے۔ تاجروں نے کاروبار کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔
اس وقت ملک جس اقتصادی و معاشی مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، اس کا تقاضا یہ ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں کے لوگ اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ آرمی چیف بھی اس جذبے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات سے قومی فلاح کیلئے بہترین کردار ادا کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ ملکی معیشت کی بدحالی اور اسے بدترین صورتحال سے دوچار کرنے میں کئی عوامل نے کام کیا۔ ان میں 90 کی دہائی سے شروع ہونے والے سیاسی عدم استحکام ، مشرف کی آمریت، کئی عشرے تک جاری رہنے والا توانائی کا بحران‘ دہشت گردی، بلوچستان میں شورش پسندوں کی سرگرمیاں، کراچی میں بدامنی، دھرنے اور احتجاج اور بے یقینی کی فضا۔ ان سب نے اپنا اپنا کردار ادا کیا، ان بحرانوں کے خاتمے کیلئے جس ادارے نے سب سے اہم اور بنیادی کردارادا کیا وہ پاک فوج ہے۔ دہشت گردی کو خوفناک جنگ میں اپنی عظیم جانی اور مالی قربانیوں کے ساتھ کچل کر رکھ دیا۔ کراچی کو اندھیروں سے نجات دلائی، شورش پسندوں کا قلع قمع کر کے سی پیک منصوبے کے تعمیراتی کاموں کو فول پروف تحفظ فراہم کیا۔ جولائی کے انتخابات کے بعد نئی حکومت کو جو معیشت ملی وہ ملبے کا ڈھیر تھی۔ اسے دوبارہ اپنی بنیادوں پر کھڑا کرنے کیلئے جہاں نئی حکومت متحرک ہوئی وہاں پاک فوج بھی پیچھے نہیں رہی، اس فضا میں پاک فوج کا کردار نئی حکومت کیلئے بڑے سہارے کا باعث ہے۔ آرمی چیف وہ کام کر رہے ہیںجودراصل سیاسی حکومتوں کے کرنے کے ہیں۔ ملکی معیشت جس حال میں الجھی ہوئی ہے اس سے نجات کا واحد راستہ یہ ہے۔ صنعت و تجارت کے شعبے فعال ہو جائیں اور پاک فوج کی فراہم کردہ فول پروف سکیورٹی اور حکومت کی ترغیبات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے، اپنے اپنے شعبوں کی ترقی کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں صرف کر دیں۔ بیرونی قرضوں کے بوجھ تلے قوم کیلئے کارخانہ دار، بزنس مین اور کسان ہی آخری امید ہیں۔ یہ شعبے ہی پائیدار معیشت کے جسم کو زندگی کیلئے تازہ خون فراہم کرسکتے ہیں۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن